Jhot chehray Pa Sajana Nai aya mujh ko

جھوٹ چہرے پہ سجانا نہیں آیا مجھ کو
زندگی تجھ کو بِتانا نہیں آیا مجھ کو
رہ کے دنیا میں بھی سیکھی نہیں دنیا داری
کر کے احسان جتانا نہیں آیا مجھ کو
دنیا تھیٹر ہے تو ناکام اداکار ہوں میں
کوئی کردار نبھانا نہیں آیا مجھ کو
ایک ہی شخص کی خواہش میں رہا سرگرداں
در بدر خاک اڑانا نہیں آیا مجھ کو
لطف تو جب تھا وہ خود کرتا محبت محسوس
کہہ کر احساس دلانا نہیں آیا مجھ کو
کچھ تو یہ دل بھی ہے تنہائی پسند اور اس پر
عمر بھر دوست بنانا نہیں آیا مجھ کو
تُو سمجھتا ہے کہ میں ترکِ تعلق پہ ہوں خوش
روٹھنے والے منانا نہیں آیا مجھ کو .



Comments

Popular Posts